اسلام آباد(آئی این پی )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کی جانب سے دونوں جماعتوں کے مابین اتحاد کو مجبوری قرار دیے جانے کا معاملہ عمران خان کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا تھا کہ
وہ ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہیں ۔ ایم کیو ایم سے اتحاد مجبوری میں کیا گیا ۔ فردوس شمیم نقوی کے بیان کے بعد ایم کیو ایم کے قائدین نے دونوں جماعتوں کے مابین اتحاد پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے آج (پیر کو) معاملہ جہانگیر ترین کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ خالد مقبول جہانگیر ترین سے مطالبہ کریں گے کہ عمران خان فردوس شمیم نقوی کے بیان کا نوٹس لیں اور تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اس معاملہ کی وضاحت کی جائے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں جماعتوں کے رہنما اس غیر فطری اتحاد کے حوالے سے ناخوش دکھائی دیتے ہیں اور حلف برداری تقریب سے قبل ہی دونوں جماعتوں کے مابین اتحاد کے حوالے سے اختلافات منظر عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں جس سے مستقبل میں دونوں جماعتوں کا ایک ساتھ چلنا مشکل دکھائی دیتا ہے ۔ (ن م)