اسلام آباد (این این آئی) میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کو پی پی 46نارووال سے کامیاب امیدوار پیر سعید الحسن بنی گالہ پہنچ گئے۔ انہوں نے عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی پنجاب سے 26آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کفایت شعاری پر توجہ دے گی، شاہی خرچے نہیں ہونگے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہپی ٹی آئی کا منشور نیا پاکستان بنانے کا ہے
اور ہم سب مل کر اس پر عملدرآمد کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ ہمارا ہدف مختصر کابینہ ہے، پی ٹی آئی حکومت کفایت شعاری پر توجہ دے گی، شاہی خرچے نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جو منتخب لوگ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں وہ عمران خان کے نظریہ، ایجنڈا اور سوچ کی وجہ سے پارٹی جوائن کر رہے ہیں۔ وہ لوگ عمران خان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کے ایجنڈے کو فالو کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا عمران خان سیٹ کرینگے۔