پشاور (نیوز ڈیسک) عام انتخابات میں تحریک انصاف میں وفاق سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کامیابی سمیٹتے ہوئے بڑے بڑے سیاسی برج الٹا دیے ہیں، خیبرپختونخوا میں بھی تحریک انصاف دوبارہ اکثریتی جماعت رہی ہے اور اب تحریک انصاف کی قیادت خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے لیے تذبذب کا شکار ہے کہ کسے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سونپا جائے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سابق صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان کو وزیراعلیٰ بنانے کے خواہش مند ہیں لیکن سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے اب محمود خان کا نام پیش کر دیا ہے،
تحریک انصاف وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے لیے اندرونی طور پر مشکلات کا شکار ہے کیونکہ پرویز خٹک بھی دوبارہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بننے کی خواہش رکھتے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے اپنے داماد کا نام بھی پیش کیا ہے، واضح رہے کہ عمران خان پرویز خٹک کو قومی اسمبلی میں رکھ کر کوئی اور ذمہ داریاں سونپنا چاہتے ہیں لیکن اس پر بھی پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ پھر بھی وہ عاطف خان کو وزیراعلیٰ بنانے کی حمایت نہیں کریں گے، میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے لیے اب محمود خان کا نام پیش کر دیا ہے۔