اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے بنی گالا میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا، ملاقات میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، شیریں مزاریں اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران علاقائی تعاون اور ترقی کے ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے جبکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے اور ایران اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہے۔ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے تاہم ایران خطے میں امن کے لئے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔چیئرمین تحریک انصاف نے ایرانی صدر کی جانب سے تہنتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، اپنی سالمیت کے تحفظ کیلئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے جب کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ عمران خان نے دورہ ایران کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دورہ کرنے اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور ایرانی سفیر کی ملاقات کے دوران ایک دلچسپ تصویر سوشل میڈیا کی زینت بنی رہی جس لوگوں نے خوب سراہا ہے ۔ عمران خان نے ایرانی سفیر سے ملاقات کی تو اس دوران بھی ان کا کتا وہیں کمرے میں ٹیبل کے پچھلی طرف موجود رہا اور جیسے ہی پی ٹی آئی کی جانب سے اس ملاقات کی تصاویر انٹرنیٹ پر جاری کی گئیں تو
صارفین کو بھی اس کی موجودگی کا احساس ہو گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر طرح طرح کے ٹویٹ اور پیغاما ت کی بھرمار بھی دیکھنے کو ملی تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے سوشل میڈیا پیج پر تصاویر جاری کیں تو سوشل میڈیا صارفین نے شیرو کی موجودگی کو نوٹس کر لیا ، تصاویر کے ساتھ ملاقات کا احوال بیان کیا گیا اور شرکاء کا بھی ذکر کیا گیا تاہم ٹویٹر صارف گلہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اس ملاقات میں شیرو بھی موجود ہے اس کا بھی نام لے لیں۔