اسلام آباد (مانیٹرنگ نیوز) ڈالر کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 4 روپے سے زائد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، اس کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھنے سے قرضوں کا بوجھ بھی کم ہوا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 4 روپے 7 پیسے کمی کے بعد 124 روپے 5 پیسے پر بند ہوا، روپے کی قدر بڑھنے سے پاکستان پر عائد بیرونی قرضوں کا بوجھ لگ بھگ 365 ارب روپے
کم ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے 50 پیسے کمی کے بعد 123 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اس حوالے سے معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت جاری کھاتوں کا بڑھتا ہوا خسارہ پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے اگر اس پر قابو نہ پایا گیا اور فوری طور پر 10 سے 12 ارب ڈالر کا بندوبست نہ کیا گیا تو روپے کی قدر میں ایک بار پھر کمی ہونا شروع ہو جائے گی۔