سیالکوٹ(آئی این پی)بھارتی آبی جارحیت ،سندھ طاس معاہد ہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بگلیہاڈیم پر دریائے چناب کا 55ہزار کیوسک پانی روک لیا۔دریائے چناب ،راوی ،ستلج اور بیاس کے نکلنے والی نہریں خشک ہونے کاخدشہ ، وسطی اور جنوبی پنجاب میں لاکھوں ایکٹر دھان اور کپاس کی فصل شدید متاثر ہونے کا خدشہ، تفصیلات کے مطابق ہندوستان سندھ طاس معاہدہ کے تحت مون سون کے دوران دریائے چناب میں کم از کم ایک لاکھ کیوسک پانی پاکستان کوفراہم کرنے کا پابند ہے
تاہم ہماچل پردیش سے وادی مقبوضہ جموں کشمیر سے ہوتے ہوئے سیالکوٹ کے مقام پر پاکستان میں داخل ہونے والے دریائے چناب میں پانی کی سطح بگلیہا ڈیم پر روکے جانے کے باعث ایک لاکھ کیوسک سے کم ہو کر 45ہزا رکیوسک تک گر گئی ہے۔ جس کی بناء4 پر دریائے راوی ،دریائے ستلج اور بیاس کو دریائے چناب سے پانی فراہم کرنے والی نہر مرالہ راوی لنک کو آئندہ چند دنوں میں پانی کی فراہمی انتہائی کم کردی جائے گی جس کی بناء پر دریائے راوی ،دریائے بیاس ،دریائے ستلج پر قائم کئے گئے ہیڈز اور ان سے برآمد ہونے والی درجنوں نہروں کو پانی کی فراہمی روک دی جائیگی۔او ر وسطی پنجاب میں لاکھوں ایکٹر پر تیار ہونے والی دھان کی فصل جبکہ جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے میں کپاس کی فصل کو پانی کی فراہمی نہ ہونے سے شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑیگا جبکہ کسانوں کو اپنی زمینوں کو بنجر ہونے سے بچانے کیلئے مہنگی بجلی ، ڈیزل سے پانی حاصل کرنا پڑیگا۔ اور انہیں اربوں روپے کے مالی خسارہ کا سامنا ہوگا۔ہیڈ مرالہ اتھارٹی کے مطابق ماہ جولائی میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح ایک لاکھ 14ہزار کیوسک ریکارڈ کی جارہی تھی جو بدستور کم ہو کر 51ہزار 352 کیوسک تک گر گئی ہے۔ اور ہیڈ خانکی کیلئے 18ہزار 252کیوسک پانی چھوڑا جارہاہے۔ پانی کی کمی کے باعث دریائے چناب اور اس سے مختلف مقامات ہیڈ خانکی ،ہیڈ رسول ، ہیڈ قادر آباد او ر ہیڈ تریمو سے نکلنے والی نہروں کو پانی کی فراہمی کیلئے نہر لوئیر جہلم سے پانی حاصل کرکے فراہم کیا جائیگا۔
ہیڈ مرالہ اتھارٹی کے مطابق جمعرات کی شام دریائے چناب میں پانی کی آمد45ہزار 361کیوسک، دریائے جموں توی میں 4085کیوسک، دریائے مناور توی میں 1906کیوسک ریکارڈ کیا جارہاہے۔ نہر اپر چناب کو پانی کی فراہمی 18ہزار کیوسک سے کم کر کے 13ہزار 100کیوسک جبکہ نہرمرالہ راوی لنک کو 20ہزار کیوسک پانی کی فراہمی جاری ہے۔ اور دریا میں پانی کی قلت کے باعث نہر مرالہ راوی لنک میں بھی پانی کی مقدار کم کی جاسکتی ہے۔ محکمہ انہار کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق نالہ ایک میں اورا کے مقام پر پانی کی آمد 434کیوسک، نالہ ڈیک میں کنگرہ کے مقام پر 170کیوسک اور نالہ پلکھو میں عسکری کالونی کے مقام پر 140کیوسک پانی ریکارڈ کیا جارہاہے۔ تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیالکوٹ اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔