اسلام آباد (این این آئی)اختر مینگل نے بنی گالہ جاکر عمران خان سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔اسلام آباد میں تحریک انصاف کے وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں انہیں عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی گئی۔پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اخترمینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں، پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ
ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے، لاپتا افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔اختر مینگل کے مطابق ہم اس ملک کے حکمرانوں کے جلے ہوئے ہیں اس لیے احتیاط کریں گے، ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، لاپتا افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔بلوچستان کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا جائے اور ہم آنکھیں بند کرکے حمایت کریں، جے یو آئی اتحادی ہے، حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کرینگے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق اختر مینگل نے عمران خان سے بنی گالہ جاکر ملاقات سے انکار کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق اختر مینگل نے کہا کہ جسے ضرورت ہے وہ بلوچستان ہاؤس آکر انہیں ملے۔ذرائع کے مطابق اختر مینگل کو گزشتہ روز جہانگیر ترین نے فون کرکے ملاقات کی دعوت دی تھی اور عمران خان کا آئندہ ایک دو روز میں اختر مینگل سے بلوچستان ہاؤس میں ملاقات کا امکان ہے۔