نگران حکومت کاسرکاری ملازمین کے خزانے پر بوجھ بننے والے الاؤنس ختم کرنے کا فیصلہ،کھلبلی مچ گئی لاہور( این این آئی)پنجاب کی نگران حکومت نے خزانے پر بوجھ بننے والے الاؤنس کو ختم کرنے کی تجویز دیدی،
ایوان وزیر اعلیٰ میں تعینات 700افسران اور ملازمین کا 50فیصد خصوصی الاؤنس ختم کرنے سے متعلق چیف سیکرٹری پنجاب سے رائے طلب کر لی گئی ۔بتایا گیا ہے کہ ایوان وزیر اعلیٰ میں تعینات 700افسران اور ملازمین کو تنخواہ کے علاوہ 50فیصد خصوصی سی ایم الاؤنس دیا جارہا ہے ۔ نگران حکومت نے اس الاؤنس کو ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کی رائے جاننے کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا ہے اور وہاں سے رائے آنے کے بعد اس بارے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ نگران حکومت کی جانب سے الاؤنس ختم کرنے پر سرکاری ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے اور شدید تشویش پائی جاتی ہے، توقع کی جارہی ہے کہ نگران حکومت خود تو اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرپائے گی لیکن آئندہ آنے والی حکومت کیلئے سمری تیارکرلی جائے گی اور اس بارے میں حتمی فیصلہ منتخب حکومت ہی کرے گی۔توقع کی جارہی ہے کہ اگر تحریک انصاف کی حکومت بنی تو وہ یہ الاؤنس ختم کردے گی۔