لاہور( این این آئی)ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کے بعد کاروبار زندگی بحال ہو گیا ہے تاہم سیاسی جماعتوں سے وابستگی رکھنے والے ابھی تک ’’الیکشن فیور‘‘میں مبتلا ہیں، سرکاری و نجی دفاتر ،کاروباری مراکز ، سیاسی حلقوں حتیٰ کہ
گھروں میں بھی عام انتخابات کے نتائج موضوع بحث ہیں ، پی ٹی آئی کے حامیوں نے کامیابی کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ انتخابات کے نتائج پر شرطیں ہارنے والے ازالہ کرتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والا مقابلہ موضوع بحث رہا اور مختلف مقامات پر یہ بحث و مباحثہ طوالت اختیار کر گیا ۔اس دوران (ن) لیگ کی قیادت اور رہنماؤں کی طرح ان کے حامی بھی نتائج پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دکھائی دئیے جبکہ پی ٹی آئی والے انہیں 2013ء میں پی ٹی آئی کا دھاندلی سے متعلق اپنایا جانے والا موقف یاد کراتے رہے ۔ پی ٹی آئی کے حامیوں نے مزید کہا کہ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو (ن) لیگ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اتنی نشستیں کیسے جیت گئی اسے کھلے دل سے اپنی شکست کو تسلیم کرنا چاہیے ۔ دوسری جانب انتخابات کے نتائج پر دوستوں اور سیاسی حریفوں سے شرطیں ہارنے والے اس کا ازالہ کرتے رہے ۔