اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے درمیان مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہونے والے رابطوں کے نتیجے میں آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر امجد اسلام آباد کے دو این اے 52 این اے 53 اور پنجاب کے حلقہ این اے 148 سے تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں ،
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف حکومت میں آنے کے بعد سابق صدر جنرل (ر ) پرویز مشرف پر قائم ہونے والے مقدمات پر نرم ہاتھ رکھے گی جب کہ ڈاکٹر امجد کو نئی حکومت میں اہم ذمہ داری بھی دیئے جانے کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر امجد نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کرکے تحریک انصاف کے حق میں الیکشن میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 52 اور این اے 53 میں ڈاکٹر امجد کی انتخابی مہم چلانے میں ناکام ہو گئے تھے اور انہیں عوام کی حمایت بھی نہیں مل رہی تھی جس پر بعض مشترکہ دوستوں نے جنرل (ر) پرویز مشرف سے دبئی اور لندن میں رابطے قائم کیے جس کے بعد ڈاکٹر امجد نے عمران خان سے ملاقات کی اور ان کی حمایت کا اعلان کیا ۔ بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی پارٹی انتخابات کے بعد تحریک انصاف میں ضم ہو جائے گی اور اس حوالے سے تفصیلات انتخابات کے بعد طے کی جائیں گی ۔ جب کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کو بھی بعض امور میں مستقبل میں رعایت دینے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے ۔ قبل ازیں آل پاکستان مسلم لیگ کے صدرڈاکٹر امجد نے عام انتخابات میں عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کے صدرڈاکٹر امجد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی
جس میں انہوں نے این اے 54سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسد عمر کے حق میں دستبردارہونے کا اعلان کیا، اس کے علاوہ انہوں نے این اے 53سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حق میں بھی دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ملاقات میں عمران خان کی جانب سے انتخابات میں حمایت کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا گیا اور عمران خان نے ڈاکٹرامجد کا شکریہ بھی ادا کیا۔