اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں ہونیوالے خودکش دھماکے میں ہارون بلور سمیت متعدد افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان خراسانی گروپ نے قبول کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے این پی کی کارنر میٹنگ میں ہونیوالے خودکش دھماکے میں ہارون بلور سمیت اس وقت تک 20افراد کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
گزشتہ رات پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں اس وقت خودکش دھماکہ ہوا جب اے این پی کے رہنما ہارون بلور کارنر میٹنگ میں شرکت کیلئے وہاں پہنچے تھے۔ اس موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جارہا تھااور کارنر میٹنگ کے منتظمین ہارون بلور کا استقبال کر رہے تھے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی کارروائیاں بھی شروع کر دی گئیں اورلاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔