اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ٹرانس پشاور بس ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم (BRT) کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی اور پراجیکٹ کے لئے مختص مبینہ طور پر 49.36 ارب روپے کی رقم جو کہ بڑھ کر تقریباً 64 ارب روپے کی خطیر رقم ہو چکی ہے مگر ابھی تک پراجیکٹ مکمل نہ ہونے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا
کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ منصوبہ مقررہ وقت تک کیوں مکمل نہیں ہوا اور منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ سے مبینہ طور پر اخراجات بڑھنے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ادارہ قومی سرمایہ کے جائز استعمال کو یقینی بنانے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔