لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ مالی سال 2017-18ء کے دوران ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں کئے گئے سالانہ اخراجات کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ایوان وزیراعلیٰ میں تعینات سرکاری ملازمین اور افسران نے مجموعی طور پر اسی کروڑ روپے خرچ کر ڈالے۔ یہ بھی بتایاگیا ہے کہ مذکورہ رقم گزشتہ مالی سال 2016-17ء کے مقابلے میں تیس فیصد زائد تھی ۔
ایوان وزیراعلیٰ پنجاب کے مقررہ کردہ بجٹ سے تیس فیصد زائد اخراجات سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی منظوری سے کئے گئے ۔اس طرح ایوان وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک روز کا خرچہ اکیس لاکھ روپے تھا ۔خرچ کئے گئے اسی کروڑ روپے کی رقم سے گزشتہ مالی سال کے دوران تیس کروڑ روپے افسران و ملازمین کی سالانہ تنخواہوں پر خرچ کئے گئے ۔ایوان وزیراعلیٰ کی بیورو کریسی نے پندرہ کروڑ روپے گاڑیوں کے پٹرول پر اڑا دئیے جبکہ دس کروڑ روپے مالیت کے تحائف تقسیم کئے گئے۔