لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی مقبول ترین سیاسی پارٹی مسلم لیگ (ن) انتخابات کا بائیکاٹ کسی صورت نہیں کرے گی‘ بائیکاٹ وہ کرتے ہیں جنہیں ہار کا خوف ہو، تحریک انصاف والے اپنے 100دن کے منشور میں سے کارکردگی کا ایک صفحہ ہی دکھا دیں، ہمارا مقابلہ جھوٹ کی سیاست کرنے والوں سے ہے اور (ن) لیگ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن جیتے گی،
25 جولائی کوعوام فیصلہ کرے گی کہ انہوں نے حق کا ساتھ دینا ہے یا جھوٹ کا۔ مریم نواز کی کمپین ان کے حلقہ کا ہر ایک ووٹر کر رہا ہے۔ وہ اتوار کے روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ خواجہ عمران نذر اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر کسی نے ترقی دیکھنی ہو تو وہ لاہور میں آ کر دیکھے کہ مسلم لیگ نے 5سالوں میں کتنی ترقی کی۔ مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو اور خدمت کو ووٹ دو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سمجھ رہے ہیں کہ وہ لوٹوں کے ذریعے ترقی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)5جولائی کو اپنا پارٹی منشور پیش کرے گی جو کارکردگی کی بنا پر ہو گا۔ جس میں پچھلے 5سال کی کارکردگی اور آئندہ 5سال کا لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پارٹی کے قائد کے نصیب میں صرف خدمت لکھی ہے جبکہ عمران خان کے نصیب میں جھوٹ ، انتشار، پھیلانا اور کنٹینر ہے۔ تحریک انصاف کی کمپین میں صرف شور ہے اور شور صرف چور ہی مچاتا ہے۔مسلم لیگ (ن) آئین اور قانون کی پاسداری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی طرح لاڈلے نہیں آپ پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کریں تو فوراًمعافی مل جاتی ہے کیونکہ آپ لاڈلے ہیں۔ پورے شہر میں ضابطہ اخلاق کی مخالفت کی جا رہی ہے اور آپ کو تمام جرم معاف ہیں مگرہمیں کوئی غم نہیں ہماری قیادت اس سے زیادہ کھٹن احتساب سے گذر چکی ہے۔
25جولائی کوووٹر (ن) لیگ کو ووٹ دینے نکلے گا۔کیونکہ اب ووٹ صرف کارکردگی پر ملے گا۔ مسلم لیگ (ن) ہر طرح کے فیصلے کیلئے تیار ہے لیکن عوام کا طوفان 25جولائی کو نکلے گا اور نواز شریف کو ووٹ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاداریاں بد لنے والوں کو تاریخ نے بھی مسترد کیا اور ہمیشہ عوام نے بھی مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی قومی اور بین الاقوامی سروے کے مطابق مسلم لیگ (ن) سب سے مقبول ترین پارٹی ہے اور یہی بات مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی۔
ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز شریف کی وطن واپسی ان کی والدہ کی صحت سے مشروط ہے لیکن ان کی غیر موجودگی میں ان کے حلقے کا ہر ووٹر اور لیگی کارکن ان کی کمپین کر رہے ہیں جبکہ حمزہ شہباز شریف بھی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اپنی بہن کی کمپین خود کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ ان قوتوں کے ساتھ ہے جو پاکستان کو آگے بڑھنے نہیں دے رہے۔ اب عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ ایٹمی طاقت کے حامل ترقی یافتہ ملک کو کیا ایسے شخص کے حوالے کیا جا سکتا ہے جوملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہو۔