اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن،حسین نواز اور سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کیلئے وزارت داخلہ سے باضابطہ منظوری لے گا۔نیب کے اجلاس میں ایون فیلڈ ریفرنس سمیت 3 مختلف نوعیت کے ریفرنسز میں مفرور ملزمان حسن نواز اور حسین نواز کی گرفتاری کے لئے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب اس حوالے سے وزارتِ داخلہ کو تحریری
خط لکھے گا کہ ان دونوں مفرور ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے واپس لایا جائے۔اسی طرح نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں میں مفرور ملزم سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو بھی انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بیماری کا بہانہ کر کے لندن کی سڑکوں پر گھومنے والے اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لا کر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔