پاکستان مسلم لیگ (ن )کے حلقہ این اے 59 سے چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں نامزد امیدوار قمر الاسلام کی گرفتاری ٗبیٹا میدان میں آگیا،دھماکہ خیز اعلان راولپنڈی (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے حلقہ این اے 59 سے چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں نامزد امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری اور14 روزہ ریمانڈ کے بعد ان کا 12 سالہ بیٹا اپنے والد کی انتخابی مہم چلانے کیلئے میدان میں آگیا ہے
ٗقمر الاسلام کے 12 سالہ بیٹے نے ویڈیو پیغام میں انتخابی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے تمام سپورٹرز کو (آج)بدھ کی صبح 10 بجے پنڈی کچہری بلالیا ہے۔ ویڈیو پیغام میں قمرالاسلام کے بیٹے محمد سالار اسلام راجہ نے بتایا کہ وہ پیر کے روز نیب کی طلبی پر صبح ساڑھے 9 بجے نیب میں پیش ہوئے ٗوالد صاحب اندر چلے گئے جبکہ سالار باہر ہی کھڑا رہا اور اپنے والد کا انتظار کرتا رہا۔ سالار نے بتایا کہ شام 4 بجے تک اس کو اپنے والد کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔12 سالہ سالار اسلام نے اعلان کیا کہ وہ اپنے والد کی انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلائے گا اور پہلے مرحلے میں بدھ کو صبح 10 بجے اپنے والد کا ٹکٹ جمع کرائے گا۔ انہوں نے اپنے سپورٹرز سے کہا کہ وہ پنڈی کچہری پہنچیں اور میری طاقت بن جائیں۔خیال رہے کہ صاف پانی کمپنی سکینڈل میں نیب نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے مخالف لیگی امیدوار قمر الاسلام راجہ کو گرفتار کرلیا تھا۔ منگل کے روز نیب عدالت نے قمرالاسلام کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا اور 9 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔