اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے حوالے سے تینوں پرنٹنگ پریس کی سیکیورٹی کیلئے فوج کی نفری مانگ لی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے فوج کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھر لی ہے۔عام انتخابات کی تیاریاں اب حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا مرحلہ شروع ہونے کو ہے جس کے
لیے الیکشن کمیشن نے تینوں پرنٹنگ پریسوں کی سیکیورٹی کے لیے فوجی اہلکار مانگ لیے ہیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے وزارت دفاع کو سمری بھجوائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیلٹ پیپرز اسلام آباد، لاہور اور کراچی کی پرنٹنگ پریس سے چھپوائیجائیں گے لہٰذا 27 جون سے تینوں پرنٹنگ پریس پرسیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کی جائے۔سمری میں مزید کہا گیاہے کہ تینوں پرنٹنگ پریس پربیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں چھپوائے جائیں گے اور ان کی ترسیل بھی فوج ہی کی نگرانی میں ہوگی۔