اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وہ معالجین کی تجویز پر علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں ،انہوں نے اجازت دی تو پاکستان واپس چلا جاؤں گا اوراحتساب عدالتوں کا بھی سامنا کروں گا۔
اسحاق ڈارنے یہ بیان اس وڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد دیا ہے جس میں انہیں لندن کی سڑک پر چہل قدمی کرتے دیکھا گیا تھا۔گزشتہ روز منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں اسحاق ڈار کواس ہسپتال سے باہر آتے دیکھایا گیا تھا جس میں بیگم کلثوم نواز زیر علاج ہیں۔بیماری کا عذر پیش کرکے پاکستانی عدالتوں میں پیش نہ ہونے والے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار وڈیو کیمرے سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم صحافی نے ان کا پیچھا کرکے ان سے طبیعت کا احوال پوچھا تو اسحاق ڈار نے انہیں ہاتھ کے اشارے سے واپس چلے جانے کا اشارہ کیا اور تیز قدموں سے آگے کی جانب بڑھ گئے تھے۔واضح رہے کہ اسحاق ڈار اکتوبر 2017 سے اپنے علاج کی غرض سے لندن میں ہی قیام پذیر ہیں ٗاحتساب عدالت انہیں مفرور قرار دے چکی ہے تاہم وہ پاکستان میں موجود نہ ہونے کے با وجود سینیٹر منتخب ہو گئے تھے تاہم وہ واحد سینیٹر ہیں جس نے ابھی تک سینیٹر کی حیثیت سے حلف نہیں اٹھایاجبکہ ان کی عدم حاضری پر سپریم کورٹ نے انہیں عارضی طور پر سینیٹ کی رکنیت سے بھی معطل کر رکھا ہے۔