فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی صلاحیت کاحامل ملک بنانے والے ہمارے ہیرو ہیں، کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ہماری سیاسی اور ریلیف سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ہماری سیاسی سرگرمیوں سے اسلام دشمن قوتوں کو سخت تکلیف ہے۔مظلوم کشمیری مسلمانوں کی مددوحمایت جاری رکھیں گے۔
قوم انتخابات میں نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے اور کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرنے والوں کی حمایت کرے۔ سیاسی جماعتوں کو کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔نوجوان نسل پاکستان کا اصل اثاثہ ہے۔ملکی سیاست میں ایماندار اور محب وطن افراد ہی بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر یہ ملک حاصل کیا‘ اس کا تحفظ بھی اسی سے ممکن ہے۔ و ہ جامع مسجد خیبر نشاط آباد میں کارکنان و ذمہ داران کی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اورمیزائل ٹیکنالوجی دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے ۔وطن عزیز پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ اوردشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق ملنا چاہیے۔اتحادی ملک افغانستان میں شکست کھا چکے ہیں‘ ان کے یہاں سے نکلنے کے بعد بھارت بھی مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ یہ ملک اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ہم نے دوقومی نظریہ پر سب کو اکٹھا کرنا اوراسے سیاست کی بنیاد بنانا ہے۔ مدینہ طیبہ کی طرح پاکستان بھی لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر مسلمانوں کوملا۔
ہم نے اس ملک میں اپنے ایجنڈے پروان نہیں چڑھانے بلکہ وہی کام کرنا ہے جو اللہ کے رسول ﷺ نے مدینہ میں کیا تھا۔ نبی اکرم کی سیرت پر عمل کرنے سے ہی مسلمانوں کوکامیابیاں ملیں گی۔ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کوبھی وہی آزادی دلا سکیں گے جو نظریہ پاکستان پر مجتمع ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے تحریک آزادی دبانے میں ناکامی پر مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج لگایا۔ آنے والے دنوں میں کشمیریوں کی قتل و غارت گری اور افسپا جیسے کالے قوانین کے ذریعہ مظلوم کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالنے کی خوفناک منصوبہ بندیاں کی جارہی ہیں۔
اقوام متحدہ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد گورنر راج لگانے سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت سرکار کو بین الاقوامی دنیا کی کوئی پرواہ نہیں اور وہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کشمیر میں بری طرح شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔ گورنر راج کے نفاذ سے بھی بی جے پی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔