کراچی(آئی این پی) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مون سون کی پہلی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، یونیورسٹی روڈ،گلستان جوہر اور نارتھ ناظم آباد میں صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں مطلع آبرآلود رہنے کا امکان ہے۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35
ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے اور جنوب مغربی علاقوں سے 34کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی کراچی کے باسیوں کو ہیٹ ویو کے 3 سلسلوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے دوران درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی گیا اور سمندری ہوائیں رکنے سے شہری شدید گرمی کی اذیت میں مبتلا رہے۔