اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام عمرہ کی ادائیگی کیلئے کچھ ہی دیر میں بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے معاملے پر میڈیا میں ہنگامہ برپا ہے اور پی ٹی آئی بھی اس کے دفاع میں میدان میںآگئی ہے۔ زلفی بخاری ان افراد میں بھی شامل ہیں جن کا نام پانامہ پیپرز میں آیا ہے اور اس حوالے سے نیب کی
درخواست پر ان کا نام بلیک لسٹ میں ڈالا گیا ہے۔زلفی بخاری نے نیب کی جانب سے ان کا نام بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کے خلاف کل اپنے وکیل کی وسادت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی ہے جس میں ان کا نام بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے حوالے سے استدعا کی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے نیب اور وزارت داخلہ کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ تاہم اب انتہائی حیران کن بات سامنے آئی ہے کہ زلفی بخاری ن لیگ کے سابق سینئر رہنما سید ظفر علی شاہ کے داماد ہیں ، ان کا کہناہے کہ ان کے داماد کا کاروبارقانونی ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری برطانیہ میں پراپرٹی کا کاروبار کرتے ہیں ، ان کا پاکستان میں کوئی کاروبار نہیں ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق زلفی بخاری کے پاس تحریک انصاف کا کوئی عہدہ نہیں ہے لیکن عمران خان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے شاید ہی کوئی ایسا اہم واقعہ ہو جس میں زلفی بخاری کا نام سامنے نہ آیا ہو۔وہ عمران خان کی جانب سے ان کی دوسری اہلیہ ریحام خان کو طلاق دینے کے بعد کے معاملات طے کرنا ہو یا موجودہ اہلیہ بشریٰ بی بی سے نکاح کی گواہی ، زلفی بخاری کا نام ہی سرفہرست نظر آتا ہے۔زلفی بخاری مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ کے قریبی رشتہ دار ہیں ۔ ظفر علی شاہ کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری عمران خان کو سیاست میں
آنے سے پہلے سے جانتے ہیں۔زلفی بخاری برطانوی شہری ہیں اور وہ اپنی اہلیہ اور دو بیٹوں کے ہمراہ مستقل طور پر لندن میں رہتے ہیں تاہم ان کے والدین اور دیگر رشتہ دار پاکستان میں ہی ہیں۔ظفر علی شاہ کے مطابق زلفی بخاری جائیداد کی خریدوفروخت کے کاروبار سے منسلک ہیں جو برطانیہ میں ہے اور ان کے علم کے مطابق پاکستان میں زلفی کا کوئی کاروبار نہیں ہے۔پاکستان میں
موجودگی کے دوران زلفی بخاری تقریباً سارا دن عمران خان کے ساتھ ہی ہوتے ہیں اور ان کی ساری مصروفیات بھی انہی سے متعلق ہوتی ہیں۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق لندن میں بھی عمران خان کی زیادہ تر میزبانی زلفی بخاری ہی کرتے ہیں ، انہیں متعدد بار لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر عمران خان کا استقبال کرتے دیکھا گیا ہے۔زلفی بخاری انگلستان میں تحریک انصاف اور شوکت خانم کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے کے معاملات دیکھنے اور اس حوالے سے منعقد ہونے والے زیادہ تر پروگرامز کا انتظام بھی وہی کرتے رہے ہیں۔