پشاور (این این آئی)بالی ووڈ ادا کار شاہ رخ خان کی کزن پشاور کی رہائشی نور جہاں نے کہاہے کہ شاہ رخ خان کو انتخابی مہم چلانے کیلئے نہیں کہوں گی۔بالی ووڈ ادا کار شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 77 کے الیکشن کیلئے میدان میں اتری ہیں اور بدھ کو ان کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ انھیں پوری امید ہے کہ وہ یہ جیت سکتی ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ جانتے ہوئے بھی ان کے کزن پاکستانی عوام میں بہت مقبول ہیں شاہ رخ خان کو اپنی انتخابی مہم کا حصہ بننے کیلئے نہیں کہیں گی۔نور جہاں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کیلئے یا پھر شاہ رخ کیلئے کوئی مسئلہ کھڑا ہو کیونکہ پاکستان اور انڈیا کے تعلقات اتنے اچھے نہیں ہیں ٗخود اور اپنے علاقے کے لوگوں کے مدد سے الیکشن مہم چلاؤں گی۔نور جہاں نے کہا کہ وہ ایوان میں جا کر خواتین پر گھریلو تشدد کے مسئلے کو اٹھایا چاہتی ہیں اور منتخب ہو کر اس سلسلے میں قانون سازی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ خواتین کو جائیداد سے محروم رکھنے والے لوگوں کے حوالے سے بھی سخت قانون سازی کی حامی ہیں انھوں نے کہا کہ جس معاشرے میں وہ رہ رہی ہیں وہاں خواتین کو مردوں کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کے بہت کم مواقع ملتے ہیں اور ان کے انتخابی میدان میں اترنے کی ایک وجہ یہ فرق بھی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل شاہ رخ خان کی کزن کے پشاور میں انتخابات میں حصہ لینے کی خبر جیسے ہی بھارت پہنچی تو وہاں پر انتہا پسند ہندوئوں نے شاہ رخ پر پاکستانی ہونے اور انہیں بھارت بدر کرتے ہوئے پاکستان بھیجنے اور جانے کا کہنا شروع کر دیا تھا۔ نور جہاں شاہ رخ خان کی چچا زاد اور پشاور میں اپنے اجداد سے مقیم ہیں۔