اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دنیا کے سب سے بڑے اعزاز ’’امن کے نوبل پرائز‘‘کیلئے نامزد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دنیا کے سب سے بڑے اعزاز امن کے نوبل پرائز کیلئے نامزد کر دیا گیا ہے۔ یہ نامزدگی نارویجن سیاستدانوں کرسچن ٹائبرنگ اور پر ویلی امنڈسن کی جانب سے سامنے آئی ہے جن کا تعلق ناروے کی پروگریسو پارٹی سے ہے ۔ نارویجن نیوز ایجنسی این ٹی بی سے
بات کرتے ہوئے دونوں سیاستدانوں کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات، امن عمل اور سمجھوتے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ واضح رہے کہ یہ نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنگا پور میں اپنے سخت ترین حریف ملک شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کیا ہے۔