اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت کے آخری چار روز کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا آخری چار روزمیں بیوروکریسی میں جاری تبادلوں کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا اور وفاقی اور صوبائی بیوروکریسی میں من پسند افراد کی تعیناتیوں کیلئے بڑے پیمانے پر اکھاڑ بچھاڑ کیا جائے گا ،وفاق اور صوبوں میں تعینات پولیس اور ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران کے تبادلے کئے جائیں گے
جبکہ اہم وزارتوں اور ڈویژنوں میں بھی افسروں کو تبدیل کیا جائے گا ،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرانے کیلئے پیپلزپارٹی ایک بار پھر کوشاں ہے تاہم سپریم کورٹ کے احکامات کے باعث اے ڈی خواجہ کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مدت 31مئی کو مکمل ہوجائیگی ، وفاقی حکومت اپنے آخری چار روز میں بھی بیورو کریسی میں اکھاڑ بچھاڑ کا سلسلہ جاری رکھے گی جبکہ صوبائی حکومتیں بھی صوبوں کی سطح پر من پسند افسران کو اچھی پوسٹنگ دیں گی ۔ ذرائع کے حکومت وفاقی حکومت پولیس سروس اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسروں کو اہم عہدوں پر تعینات کرے گی اور اپنی مرضی کے افسران کو اچھی پوسٹنگ دی جائے گی ۔ صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے تبادلے زیر غور نہیں تاہم آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کروانے کیلئے پیپلزپارٹی سرگرم ہے ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے باعث اے ڈی خواجہ کا تبادلہ مشکل نظر آرہا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ دو ہفتوں سے بیورو کریسی میں روزانہ کی بنیاد پر تبادلوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو آنے والے چار روز میں مزید تیز ہو جائے گا ۔ (آچ)