اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ نیب نے مجھ پرہیلی کاپٹر کا کیس کیا ہے جس پر نیب کو تحقیقات کیلئے دعوت دیتے ہیں ٗتحریک انصاف جب اقتدار میں آئے گی تو سیاسی لیڈروں کے خلاف قانون کے غلط استعمال کو ختم کرے گی ٗمیاں صاحب کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ٗ ماہر نفسیات سے چیک کرانا چاہیے ٗآصف زرداری نے بڑی مشکل سے چوری کرکے باہر محلات بنائے ہیں۔
ان سے متعلق بھی تحقیقات ہونی چاہیے ٗ جمعہ کو انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مقدمے میں بریت پر خوش ہوں ٗمجھ پر دہشت گردی کا کیس بنایا گیا ٗیہ ووٹ لے کر آتے ہیں مگر آمر سے بھی برا کام کرتے ہیں ٗتحریک انصاف جب اقتدار میں آئے گی تو سیاسی لیڈروں کے خلاف قانون کے غلط استعمال کو ختم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کا دماغی توازن ٹھیک نہیں، انہیں ماہر نفسیات سے چیک کرانا چاہیے، وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کو ووٹ دینا ایسا ہی جیسے فوج کو ووٹ دینا، عدلیہ کو ووٹ دینا ٗ یہ ہماری الیکشن مہم کررہے ہیں کیونکہ لوگ ان اداروں سے خوش ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ماضی میں نیب پٹواریوں اور سرکاری افسر کو پکڑتی تھی ٗ کبھی وزرا کو نہیں پکڑا ٗنیب نے پہلی مرتبہ برسر اقتدار لوگوں کے خلاف ایکشن لیا ہے، اس سے پہلے نیب نے کبھی حکمران جماعت کے لوگوں کو نہیں پکڑا لہٰذا نیب جو کررہی ہے اس کو داد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نیب نے مجھ پرہیلی کاپٹر کا کیس کیا ہے ٗہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں نیب کو تحقیقات کیلئے دعوت دیتے ہیں ٗمجھے ڈر نہیں شہبازشریف کیوں ڈررہے ہیں ٗوہ بہت جلدی ڈر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے بڑی مشکل سے چوری کرکے باہر محلات بنائے ہیں، ان سے متعلق بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ سندھ میں قانون کی کوئی حکمرانی نہیں ۔
صوبے میں لوگوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جاتے ہیں، سندھ میں راؤ انوار ہے اور پنجاب میں عابد باکسر ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب میں ہرسال ڈیویلپمنٹ فنڈ کہاں استعمال ہوتا ہے، شہبازشریف اینڈ سنز اکٹھے کام کرتے ہیں ان کی کرپشن لمیٹڈ کمپنی ہے۔عمران خان نے نوازشریف پر تنفید کرتے ہوئے کہاکہ یہ جب بھی دباؤ میں آتے ہیں تو اخلاقی طور پرنیچے گرجاتے ہیں ٗشریفوں نے نصرت بھٹو اوربے نظیربھٹو کی بھی عزت نہیں کی تھی ۔