اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس کا سرکاری ملازمین کو تنخواہیںاکائونٹ میں آنے کے بعد اپنی تنخواہ ٹرانسفر کرنے کا حکم، تنخواہوں کی ادائیگی کے سرٹیفکیٹ جمع کرانےکی بھی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعتچیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آئندہ پورے پاکستان کے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے، میں کہتا ہوں تمام سرکاری ملازمین
کو ایک ہی دن تنخواہ ملے، بجٹ کی تاخیر یا کوئی اور وجہ، معاملہ حل کریں اور ملازمین کو وقت پر تنخواہ دیں، 24 تاریخ تک ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملتیں ، آپ کو ان کی تکالیف کا اندازہ ہے ؟۔چیف جسٹس نے حکم دیا کہ پہلے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہیں جاری کی جائیں اور تنخواہوں کی ادائیگی کے سرٹیفکیٹ جمع کرائے جائیں، سرٹیفکیٹ جمع ہونے کے بعد اپنی تنخواہ چیک کروں گا۔ آڈیٹر جنرل کی جانب سے عدالت کو چاروں صوبوں کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی یقین دہانی کرادی گئی۔