اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2014 کے اسلام آباد دھرنے کے دوران قائم کیے گئے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کے خلاف ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں وکلا کے دلائل سننے کے بعد
10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔25 اپریل کو مذکورہ کیس کی گزشتہ سماعت پر عمران خان کے پیش نہ ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے بریت کی درخواست پر فیصلہ 4 مئی تک کے لیے موخر کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا تھا۔ اب عمران خان ذاتی حیثیت میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں انہیں ایس ایس پی تشدد کیس میں بری کردیا گیا۔عمران خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنما ؤ ں پر 2014 کے دھرنے کے دوران 4 مقدمات قائم کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی وی کے دفتر، پارلیمنٹ اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر حملے سمیت لا ؤ ڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ شامل ہے۔عمران خان، شاہ محمود قریشی اورجہانگیر ترین سمیت دیگر پارٹی رہنما ان کیسز میں ضمانت پر ہیں۔