اسلام آباد (این این آئی )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 2013 کے الیکشن میں نواز شریف کو فوج کی مدد حاصل تھی، عام انتخابات ایک دو ماہ کیلئے التوا کا شکار ہو سکتے ہیں،پشتون تحفظ مومنٹ اور فوج کے درمیان مذاکرات میں مدد کرسکتا ہوں۔ایک انٹرویو میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں نواز شریف کو فوج کی مدد حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت سوچ سمجھ کر الزام لگا رہا ہوں 2013 کے انتخابات میں ایک بریگیڈیئر نے پنجاب میں
نواز شریف کی بہت مدد کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کی سیاسی تاریخ اٹھا کر دیکھی جائے تو پتہ چل جائے گا کہ نواز شریف فوج اور عدلیہ کے لاڈلے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں حلقہ بندیوں سے متعلق درخواستوں کی وجہ سے الیکشن ایک سے ڈیڑھ ماہ کیلئے التواء کاشکار ہو سکتے ہیں۔قبائلی علاقوں میں جاری احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پشتون تحفظ مومنٹ اور فوج کے درمیان مذاکرات میں مدد کرسکتا ہوں ۔