ریاض(این این آئی)ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری میں آنے والی کمی کے باعث تیل کی قیمتیں 300 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق آئل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والے گروپ کے ڈائریکٹر نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ آئل سیکٹر میں سرمایہ کاری میں لوگوں کی دلچسپی کم ہوگئی ہے۔ اگر یہ کمی اسی طرح برقرار رہی تو اس کا اثر تیل کی قیمتوں پر پڑے گا اور عالمی منڈی میں تیل تین سو ڈالر
بیرل تک جا سکتا ہے۔اگرچہ بعد ازاں انہوں نے اپنی مذکورہ ٹویٹ حذف کردی تھی تاہم تب تک اسے ذرائع ابلاغ میں نقل کیا جا چکا تھا۔ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ تیل کی موجودہ قیمتیں سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش نہیں جس کے نتیجے میں تیل کی قیمت میں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی بیرل 100 ڈالر کی قیمت معیشت کے لیے نقصان دہ نہیں بلکہ امریکا سے باہر ممالک میں اتنی قیمت سرمایہ کاروں کی کشش کے لیے ضروری ہے۔