اسلام آباد( اے این این) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک جانے کیلئے ایئر کنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ 100 روپے مقرر کیا گیا ہے ، شہریوں کا کرایہ کم کرکے50 روپے کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق فتح جنگ کے قریب تعمیر ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک عوام کی رسائی کیلئے جدید ایئر کنڈیشنڈ کوچز کا روٹ مقرر کیا گیا ہے جو جمعرات سے ایئر پورٹ فعال ہونے کے ساتھ چلا دی گئیں ہیں
ان کوچز کے تین روٹ بنائے گئے ہیں ایک روٹ روات سے براستہ صدر ایئرپورٹ، دوسرا روات سے براستہ فیض آباد ایئرپورٹ اور تیسرا روٹ سیکرٹریٹ سے براستہ کشمیر ہائی وے ایئرپورٹ مقرر کیا گیا ہے ۔ ان بسوں کا کرایہ فی کس100 روپے رکھا گیا ہے ، پہلے تجویز تھی تھی کہ ٰ6 روپے کلو میٹر رکھا جائے لیکن یہ رقم 200 روپے تک پہنچ جاتی اس لئے اسے 100 روپے پر فکس کیاگیا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں بالخصوص ایئرپورٹ ملازمین نے اس کرائے کو ظالمانہ قرار دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے فی الفور کم کرکے 50 روپے کیا جائے ۔ ایئرپورٹ ملازمین کا موقف ہے کہ پہلے ہم پرانے ایئرپورٹ تک 20روپے دیکر پہنچ جاتے تھے اب 100 روپے یکطرفہ نہیں دے سکتے ۔ اس طرح مہینے کا کرایہ کم ازکم 5ہزار روپے بن جاتا ہے۔ ایئرپورٹ پر سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹے ملازمین بھی کام کررہے ہیں۔