لاہور(آئی این پی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج ‘ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اوگرا کو بااختیار بنایا جائے تا کہ وہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرے۔تفصیلات کے مطابق جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، اوگرا سمیت
دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جبکہ پاکستان میں بڑھا دی گئی ہیں ۔قانون کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر17 فیصد سے زائد سیلزٹیکس نہیں لگ سکتا لیکن وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ہی 17 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اوگرا کو بااختیار بنایا جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔