اسلام آباد(آن لائن)پی ٹی وی میں جنسی ہراساں کرنے اور آواز بلند کرنے پر نوکری سے نکالنے کے حوالے سے متاثرہ خاتون سپریم کورٹ آف پاکستان پہنچ گئی ہیں ۔درخواست گزار خاتون نادیہ نے موقف اختیارکیا ہے کہ انہیں نہ صرف جنسی ہراساں کیا گیا بلکہ جہاں جہاں انہوں نے آواز اٹھائی وہاں پر ان کی ایسی تذلیل کی گئی کہ خود کشی کرنے کو جی چاہتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی محتسب سے ان کے حق میں فیصلہ آنے کے باوجود بھی مافیا نے ملزمان کو تحفظ فراہم کیا
جبکہ مجھے نوکری سے برخاست کردیا۔ بعد ازاں پی ٹی وی مافیا نے ایوان صدر میں اپیل دائر کی اور اپنی مرضی کا فیصلہ واپس لے کر ازخود بے گناہ ہوگئے ۔متاثرہ خاتون نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا ازخود نوٹس لے کر جنسی ہراساں کرنیوالے افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں اور جنسی ہراساں کرنے والے افراد کو تحفظ فراہم کرنیوالے ملازمین بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں اور ایسے مافیا کی قومی ادارے سے سرکوبی کرنا ناگزیر ہے۔