اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے موجودہ اسمبلی کی مدت کے دوران ہی فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا میں ایجنسی ڈیولپمنٹ فنڈ کو ختم کر دیا گیا ہے، فاٹا میں بلدیاتی انتخابات اکتوبر 2018سے پہلے منعقد کئے جائیں گے،فاٹا میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا ٹائم فریم تمام جماعتوں سے مشاورت کر کے طے کریں گے،10سال میں ایک ہزار ارب روپے فاٹا کو دیے جائیں گے تاکہ وہاں بھی دیگر صوبوں جیسی ترقی ہو،
فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لیے پاکستان کے تمام ادارے پرعزم ہیں۔بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کافی عرصے سے ہم چاہتے تھے کہ فاٹا ریفارمز کو جلداز جلد نافذ کیا جائے اس سلسلے میں ایک بل بھی پاس ہوا اور سپریم اور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار کو فاٹا تک توسیع دے دی گئی، انہوں نے کہا کہ میں فاٹا کا دورہ بھی کیا ہے فاٹا میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے ، فاٹا میں پاک فوج کی قربانیوں سے امن قائم ہو گیا ہے،سب کی خواہش رہی ہے کہ فاٹا میں ریفارمز کو نافذ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا ریفارمز کمیٹی اور قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جن میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے کچھ فیصلے کیئے گئے ہیں جو اس عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ جن پر عمل درآمد کے لیے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لوں گا،فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایجنسی ڈویلپمنٹ فنڈ آج سے فاٹا میں لاگو نہیں ہوگا،جبکہ فاٹا میں لوکل باڈی الیکشن اکتوبر 2018سے پہلے منعقد کیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے الیکشن سے متعلق فیصلہ تمام جماعتیں مل کر طے کریں گی کوشش ہے کہ جلد از جلد یہ عمل مکمل ہو اور اس میں سیاسی محاز آرائی نہ ہو۔ فاٹا اصلاحات ایسا کام ہے جس میں کوئی دو رائے نہیں کہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے،پارلیمانی لیڈرز کو اعتماد میں لیکر ٹائم فریم کا تعین بھی کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ موجودہ اسمبلی کی مدت کے دوران ہی اس کو مکمل کیا جائے، تمام جماعتیں اکٹھی ہوں اور اس عمل کی حمایت کریں ، انہوں نے کہا کہ10سال میں ایک ہزار ارب روپے فاٹا کو دیے جائیں گے تاکہ وہاں بھی دیگر صوبوں جیسی ترقی ہو، حکومت ان فنڈز کو فراہم کرنے میں پرامید ہے۔ یہ چیزیں اگلے 4ہفتے میں کریں گے اس میں تمام جماعتوں کو شامل ہونا چاہیے ۔ سب کے تعاون سے اسی مہینے میں سارا عمل کرنے میں کامیاب ہوسکیں گے،۔وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات فاٹاکے عوام کی ضرورت اور سب کی خواہش ہے لیکن چاہتے ہیں تمام جماعتیں متحد ہو کر فاٹا اصلاحات کو مکمل کریں۔