اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت داخلہ نے میمو گیٹ سکینڈل میں امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کو پاکستان واپس لانے کے لئے ایف آئی اے کو انٹرپول سمیت امریکہ سے تعاون حاصل کرنے کا اختیار دیدیا ہے‘ ایف آئی اے نے حسین حقانی کے خلاف درج مقدمے کی روشنی میں ملزم کو پاکستان لانے کے لئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے میمو گیٹ سکینڈل میں حسین حقانی کو بیرون ملک سے واپس لانے کے لئے امریکہ اور انٹرپول سے براہ راست رابطوں کا اختیار دیدیا ہے
اور اس حوالے سے ڈی جی ایف آئی اے امریکہ سے قانونی تعاون حاصل کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حسین حقانی کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں درج کئے گئے مقدمے میں تفتیش کو تیزی سے آگے بڑھایاجارہا ہے اور سابق سفیر کو بھی طلبی کے نوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں لیکن اس کے باوجود سابق سفیر نے ایف آئی اے کے نوٹسز کا کوئی جواب نہیں دیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ایف آئی اے نے ملزم کو بیرون ملک سے پاکستان لانے کے لئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔