اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آج اسلام آباد کے نئے ائیرپورٹ کے افتتاح کے بعد پہلی پرواز نئے ائیرپورٹ پر اتر گئی، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ائیرپورٹ کا افتتاح کیا، جب پہلے پرواز لینڈنگ کر رہی تھی تو جہاز کے پائلٹ نے کھڑکی کھول کر پاکستانی پرچم لہرایا، جس پر ہر کوئی خوشی سے نہال ہو گیا، نئے ائیرپورٹ کے فعال ہو جانے پر پاکستانی انتہائی خوش ہیں، پاکستانیوں کے دل جیتنے والے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کچھ ایسا کہا
کہ ہر پاکستانی ان کا مداح ہو گیا، ان کے اس پیغام نے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیے۔ جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ٹوئٹر پر پائلٹ کی جانب سے جہاز کی کھڑکی کھول کر جھنڈا لہرانے والی ویڈیو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نئے ائیرپورٹ سے ٹیک آف، لینڈ کرنے اور مہمانوں کا استقبال کرنے کا انتظار نہیں کر سکتا۔ 90 لاکھ مسافروں کو سہولت مہیا کرنے والے اس سٹیٹ آف دی آرٹ ائیرپورٹ کے فعال ہونے پر پاکستان کو بہت بہت مبارک ہو۔ ان کے اس پیغام نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں۔