اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کا مینار پاکستان جلسہ کامیاب رہا یانہیں اس بات کا اندازہ تو آئندہ الیکشن میں ہو جائے گا،لیکن اس جلسے میں خواتین کی شرکت کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں رانا ثنا اللہ اور عابدشیر علی کے بیانات پرضرور تنقید کی جاتی رہے گی ۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا جلسے میں سیاست دانوں کی فیملیاں بھی شریک تھیں، ن لیگ کی لیڈر شپ گندی زبان استعمال کر رہی ہے، رانا ثنا جیسے لوگوں کی
باتوں کا اثر نہیں ہوتا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما ڈپٹی سپیکر شہلا رضا نے بھی لیگی رہنما کے بیان پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ایسے بیانات سے بے حد افسوس ہوا،عمران خان نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ رانا ثنااللہ اور اس قبیل کے دوسرے کردار شریفوں کی ذہنیت اور انکی نظر میں خواتین کے مقام و حرمت کی عکاسی کرتے ہیں۔ان سب کے علاوہ خاتون اینکر پرسن رابعہ انعم نے عابد شیر علی اور رانا ثنا اللہ کے انٹرویوز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔