اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ائیرپورٹ کا باضابطہ افتتاح آج منگل کو کیاجائے گا۔توقع ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نئے ائیرپورٹ کا افتتاح کریں گے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پہلی پرواز دن صبح گیارہ بجے نئے ائیرپورٹ پر اترے گی۔اسی دن ساڑھے بارہ بجے دوپہر قومی ائیرلائن کی پہلی پرواز کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔
مکمل پروازوں کا آغاز اگلے جمعرات سے ہوگا۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق اس حوالے سے ملکی اور غیر ملکی ائیرلائنوں کو آگاہ کردیاگیاہے۔یاد رہے کہ سات اپریل کو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز نے کامیاب لینڈنگ کی تھی، اس موقع پر پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان پہلی آزمائشی پرواز میں موجود تھے۔نیا ہوائی اڈہ 19مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے جہاں پندرہ طیاروں کی پارکنگ سمیت دنیا کا سب سے بڑا طیارہ اترنے کی تمام ترسہولیات موجود ہیں ،ہوائی اڈہ پروازوں کے اترنے اور مسافروں کی سفری سہولیات کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے۔نئے ایئرپورٹ کے2 رن وے ہیں اور ہرایک کی لمبائی ساڑھے تین کلومیٹر ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام لیاقت علی خان سے منسوب کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے ۔