لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے شوہر کی جانب سے بچوں کو بیرون ملک لیجانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کر لی ۔اقراء مظفر نامی خاتون کے مطابق اسکا شوہر 2ستمبر 2017ء کو نیند کی گولیاں کھلاکر بچوں کو ملائیشیا لے گیا ،ان کے دو بچے ہیں جن میں چھ ماہ کا داؤد اور ڈیڑھ سالہ دریاب ہیں اور دونوں بچے 8ماہ سے ملائیشیا میں ہیں۔اقراء مظفر نے بتایا کہ وہ بچوں کے حصول کے لیے ملائیشیا تک گئی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوسکی ۔
ملائیشین ایمبسی نے کہا کہ پہلے خاوند کے ریڈ وارنٹ لے کر آئیں پھر کارروائی ہو گی جبکہ ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے باوجود وزرات داخلہ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا ۔خاتون نے چیف جسٹس آف پاکستان کو بچوں کی تصاویریں اور ریڈ وارنٹ پیش کرتے ہوئے درخواست کی کہ بچوں کے حصول کے لیے دربدر ٹھوکریں کھا رہی ہوں ۔لہٰذا انہیں واپس لانے کیلئے مدد کی جائے ۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اتنے چھوٹے بچے بیرون ملک کیسے چلے گئے ۔چیف جسٹس نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرلی۔