اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ذرائع کے مطابق لاہور کے دیہی حلقے این اے 124 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر ممبر قومی اسمبلی بننے والے شیخ روحیل اصغر جارہانہ انداز میں مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کا دفاع کرتے رہے ہیں تاہم پانامہ لیکس آنے کے بعد وہ بہت کم ن لیگ کے دفاع میں میڈیا پر نظر آتے رہے۔ نواز شریف کی وزارت اعظمیٰ اور پارٹی صدارت سے فارغ ہونے کے بعد وہ گوشہ گمنامی میں چلے گئے ہیں ۔
ان کے دوستوں میں چہ میگوئیاں ہورہی ہیں کہ وہ ن لیگ بالخصوص میاں نواز شریف کے بیانیے سے متفق نہیں ہیں۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے موقع پر بھی وہ اسمبلی میں نہیں آئے۔ ذرائع کے مطابق شیخ روحیل اصغر نے ن لیگ سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آج تحریک انصاف کے لاہور میں مینار پاکستان پر ہونیوالے جلسے میں انکے عمران خان کے سیاسی ہمسفر بننے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔