لاہور(سی پی پی)وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہاوسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں چینی گروپ کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے چین کے سرمایہ کاروں کے تعاون سے پنجاب میں کم آمدن والے افراد کے لیے گھروں کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں تعاون سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے لہذا اس منصوبے کو انفرادیت اور پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی گروپ لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لے گا۔ چین میں اب تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے پنجاب کی تیز رفتار ترقی کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے، بلاشبہ منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کے حوالے سے تیز رفتار ترقی محمد شہباز شریف کا اعزاز ہے اور چین کی قیادت اور اعلی حکام بھی ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہیں۔ چین میں پنجاب کی تیز رفتار ترقی کی اصطلاح کا رائج ہونا چینی قیادت کا وزیر اعلی پنجاب پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے پنجاب کی تیز رفتار ترقی د راصل شفافیت، کارکردگی، معیار اور کوآرڈینیشن کا دوسرا نام ہے۔رانا محمد ارشد نے کہا کہ میٹرو بس سروس کے کامیاب منصوبے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ وزیر اعلی پنجاب کی صوبے کے عوام کوعالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام ہے اور یہ منصوبے آپ کی غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں کی صوبہ پنجاب میں کم آمدن والے گھروں کی تعمیرکے منصوبے میں ہر ممکن تعاون کریں گے اور اربن ڈیولپمنٹ کے حوالے سے بھی پنجاب حکومت کے ساتھ شراکت کار بڑھائیں گے۔