گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران چند گھنٹے پہلے وفاقی وزیر خزانہ بننے والے وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ پیش کیا۔ بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کی ہلڑ بازی اور ہنگامہ آرائی کے دوران نظریں بجٹ تقریر پر گاڑھے، سر نیچے کئے روانی سے تقریر پڑھتے ہوئے مفتاح اسماعیل حتی الوسع اپوزیشن کے شور شرابے کو
اگنور کرتے رہے۔ بجٹ تقریر کے آخر میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی نے پہلی بار بجٹ پیش کرنے والے مفتاح اسماعیل پر بھی بوکھلاہٹ طاری کر دی ۔ مفتاح اسماعیل نے بوکھلاہٹ میں تقریر کے آخر میں شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کا شعر بھی پڑھا اور شعر پڑھنے سے پہلے انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے بجائے شاعر مشرق قائداعظم ؒ کہہ کر شعر کا آغاز کیا جس پر وہاں موجود سبھی افراد ہنس پڑے۔