پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) مردان اور چارسدہ کے چالیس مشتبہ افراد کے نام شیڈول فورتھ لسٹ میں شامل کئے جا رہے ہیں جبکہ شیڈول فورتھ میں نام شامل ہونے کے بعد ان کے پاسپورٹ ، شناختی کارڈ کو کینسل کردیا جائے جبکہ بینک اکاونٹس کو منجمند کر دیا جائے گا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کے نام شیڈول فورتھ میں شامل ہونے کے بعد ان کے بیرون ملک جانے پر بھی پابند ی عائد کردی جائیگی جن چالیس مشتبہ افراد کے نام شیڈول فورتھ کی فہرست میں شامل کئے جا رہے ہیں ان پر بعض اہم
ترین الزامات عائد ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں شیڈول فورتھ کی لسٹ میں شامل افراد کی تعداد چار ہزار ہیں جن میں مردان اور چارسدہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد 100ہیں جبکہ مزید 40افراد کے نام شیڈول فورتھ کی فہرست میں شامل کئے جارہے ہیں ۔ شیڈول فورتھ کی فہرست میں ان کے نام شامل کرنے کی سفارشات ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے کی گئی ہیں ۔ شیڈول فورتھ کی فہرست میں ان کے نام شامل ہونے کے بعد انہیں اپنے اضلاع چھوڑنے پر پابندی عائد ہو گی ۔