ہری پور(سی پی پی) ہری پور کے تھانہ صدر کی حدود میں شہر کو ملانے والا پل گرنے سے دو حقیقی بھائی جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی موٹر سائیکل پر شہر جا رہے تھے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مقامی افراد نے زخمی اور جاں بحق افراد کو ملبہ سے نکال کر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور منتقل کر دیا، پل ٹوٹنے کے باعث پل کے دونوں اطراف کے سینکڑوں رہائشی افراد پھنس کر رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ہری پور کے تھانہ صدر کی حدود میں شہر کو ملانے والا پل اچانک گرنے کے باعث دو حقیقی بھائی پل کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئے، حادثہ میں مجموعی طور پر 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں، پولیس اور مقامی افراد نے ملبہ سے نکال کر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور منتقل کر دیا، ڈاکٹروں کے باعث زخمی افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔حادثہ کے نتیجہ میں تین گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں، پل ٹوٹنے سے زخمی ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد تک جا پہنچی ہے۔ ڈپٹی کمشنرہری پور سید فیاض حسین شاہ نے پل حادثہ سے متعلق اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہری پور سیف الاسلام کریں گے اور یہ کمیٹی 24 گھنٹے کے اندر حادثہ کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کے پاس جمع کروائے گی۔ حادثہ کے فورا بعد اور ارد گرد کے سینکڑوں دیہات کے افراد، پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔