اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمیں پوری دنیا میں ہماری ثقافت اور زبان کے حوالے سے جانا جاتا ہے‘ آج ملک میں فلمی صنعت بحال ہوچکی ہے‘ ہم وہ قوم ہیں جس نے اپنے بچوں کی شہادت سے دیئے جلائے‘ پاکستانی قوم اس وقت عدم برداشت کے خلاف جنگ لڑرہی ہے‘ ملک میں جمہوریت کے باعث ہی ثقافتی سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں۔
جمعہ کو ثقافت ہماری پہچان یوتھ کلچر میلے سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرفارمرز نے مختلف طریقوں سے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا یہ میرے لئے خوشی کا مقام ہے ہم ایسا ملک ہیں جو عظیم اور قدیم ثقافت کے امین ہیں۔ ہمیں پوری دنیا میں ہماری ثقافت اور زبان کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ ہم نے دہشت گردی کا ہمت اور بہادری سے مقابلہ کیا۔ ملک سے دہشت گردی کے بادل چھٹ رہے ہیں ہم وہ قوم ہیں جس نے اپنے بچوں کی شہادت سے دیئے جلائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت‘ قومی ورثہ اور تہذیب کو مزید فروغ مل رہا ہے یہ پاکستان کا اصل چہرہ ہے جو دنیا کے سامنے آرہا ہے میں نے پاکستان کی فلم پالیسی پر کام کیا آج ملک میں فلمی صنعت بحال ہوچکی ہے۔ اپنی ثقافت اور زبان کو ترجیح دینی چاہئے۔ ادارے مضبوط ہونے سے ملکی وقار میں اضافہ ہوتا ہے پاکستانی قوم اس وقت عدم برداشت کے خلاف جنگ لڑرہی ہے۔ جمہوریت سے دنیا بھر میں ملک کا تشخص اجاگر ہوتا ہے اور جمہوریت کے باعث ہی ملک میں ثقافتی سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں۔