اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)29اپریل کو تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست خارج کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پریل کو تحریک انصاف کا مینار پاکستان پر جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست خارج کر دی گئی ہے ، درخواست گزار زوہیب عمران شیخ ایڈووکیٹ نے مینار پاکستان پر 29اپریل کو تحریک انصاف کا جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیا کیا تھا کہ گریٹر اقبال پارک کو قومی ورثہ قراردیا
گیا ہے اور قومی ورثے کو تحفظ بھی حاصل ہے،درخواست میں کہاکہ تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹ اقبال پارک کی خوبصورتی تباہ ہو جائے گی،عدالت سے استدعا ہے کہ تحریک انصاف کو جلسہ کہیں اور منتقل کرنے کا حکم دیاجائے۔درخواست پر سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ زوہیب عمران شیخ کی تحریک انصاف کا جلسہ روکنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کہ جلسے روکنا حکومت کا کام ہے ،آپ سنجیدہ وکیل ہے اورآپ سے سنجیدہ درخواستوں کی امید رکھتے ہیں۔