پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے 14 مئی کو بجٹ اجلاس طلب کرلیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کریگی اور یہ اگلی حکومت کا کام ہے کہ وہ 5 سال کا بجٹ بنا کر پیش کرے۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے 14 مئی کو بجٹ پیش کرنے کیلئے اجلاس طلب کرلیا ہے۔
جس کی تصدیق سیکریٹری خزانہ شکیل قادر کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پہلے وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کیلئے سمری بھیجی گئی تھی جس پر انہوں نے بجٹ پیش کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم گزشتہ روز ایک بار پھر بھیجی گئی سمری پر وزیراعلیٰ نے دستخط کردیئے ہیں۔خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا بتانا تھا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ پیش کرنے کیلئے 14 مئی کو بجٹ اجلاس طلب کرلیا ہے جس کیلئے اپوزیشن سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے رابطے کے لیے اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے، کوشش ہے کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر بجٹ پیش کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اسمبلی توڑنے کا تاثر درست نہیں ٗ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی خواہش ہے کہ اسمبلی مدت پوری کرے۔