واشنگٹن (آئی این پی )خزانے کے بارے میں وزیراعظم کے مشیرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کوکبھی منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی مدد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگا، پاکستان اس سلسلے میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے، جلد سے جلد گرے فہرست سے نکلنے کیلئے عالمی برادری، مالیاتی ایکشن ٹاسک فورس او رعالمی تعاون کے جائزہ گروپ کے ساتھ کام کرینگے۔گزشتہ روز واشنگٹن میں بلوم برگ ٹی وی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اس سلسلے میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ہم جلد سے جلد گرے فہرست سے نکلنے کیلئے عالمی برادری، مالیاتی ایکشن ٹاسک فورس او رعالمی تعاون کے جائزہ گروپ کے ساتھ کام کرینگے۔ایک سوال پر مشیرخزانہ نے ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید کمی کو خارج ازامکان قراردیا کیونکہ چیزیں درست سمت میں بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب ملکی برآمدات میں اضافہ ہورہاہے اور ملک میں افراط زرنہیں ہے جواس وقت چارفیصد سے کم ہے۔مشیرخزانہ نے اس اعتماد کااظہارکیاکہ پاکستان اگلے سال مجموعی ملکی پیداوار کی چھ اعشاریہ دوپانچ فیصد شرح حاصل کرے گا۔