اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مارچ میں ملک کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کر دی ہے، جاری کی گئی اس فہرست کے مطابق اسلام آباد مارچ میں ملک کا مہنگا ترین اور کراچی سب سے سستا شہر قرار پایا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مہنگائی کی اس دوڑ میں تمام شہروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے نکل گیا، مارچ کے مہینے میں یہاں مہنگائی
کی شرح 3 اعشاریہ 8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور اور کوئٹہ مہنگے ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر رہے جہاں مارچ کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 3 اعشاریہ 7 فیصد رہی۔ پشاور تیسرے نمبر پر رہا یہاں مہنگائی کی شرح 2 اعشاریہ 6 فیصد ریکارڈ رہی اور سستے ترین شہروں میں کراچی سب سے سرفہرست رہا اور یہاں مہنگائی کی شرح صرف 1 اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ ہوئی۔