xاسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لاہور میں پکڑے گئے پشتونوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پشتون بھائیوں کو فوری رہا کیا جانا چاہیے اور جلسے کی اجازت دی جانی چاہیے، یہ ملک اتناہی ان کا ہے جتنا ہم سب کا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ظلم و زیادتی کے
خلاف اٹھنے والی آوازوں کو زبردستی دبانے کی کوشش نہ کبھی کامیاب ہوئی ہے نہ ہو گی، وجوہات کا سدِباب کیا جائے۔ پشتون بھائیوں کو فوری رہا کیا جانا چاہیے اور جلسہ کی اجازت دی جانی چاہیے۔ یہ ملک اتنا ہی ان کا ہے جتنا ہم سب کا۔واضح رہے کہ پشتون تحفط موومنٹ نے آج موچی گیٹ لاہور پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پی ٹی ایم کے کئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا اور مریم نواز نے اسی تناظر میں لاہور میں پکڑے جانے والے پشتون تحفظ مومنٹ کے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مریم نواز کی ٹویٹ سامنے آنے پر صحافی ماروی سرمد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مریم نواز کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس سے کم کی مریم سے توقع ہی نہیں تھی۔واضح رہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کا آغاز لاپتہ افراد کی بازیابی ، فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام اور قبائلی علاقوں میں بارودی سرنگوں کے خاتمے کے نعرے کے ساتھ کیا گیا تھا۔ اس تحریک کو تقویت نقیب اللہ محسود قتل کیس کے حوالے سے اسلام آباد میں دیے جانے والے دھرنے کے دوران ملی ۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی ایم کے روح رواں منظور پشتین کے حوالے سے
’ ونڈر فل ینگ مین‘ کا لفظ استعمال کیا تاہم پی ٹی ایم کی جانب سے مسلسل پاک فوج کے خلاف مہم کا سلسلہ شروع کردیا گیا جس کے باعث اس تحریک کے پیچھے چھپے ایجنڈے کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں۔