اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پرامن ملک ہے ، بیساکھی میلے اور مذہبی عقیدت کے لیے پاکستان آئے سکھ یاتریوں نے دنیا کو بتا دیا۔ تفصیلات کے مطابق بیساکھی میلے میں شرکت کے بعد ڈیڑھ ہزار سے زائد سکھ یاتری آج بھارت روانہ ہوں گے جس کے لیے ان کی پہلی ٹرین واہگہ ریلوے سٹیشن روانہ ہو گئی ہے۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک نے سکھ یاتریوں کو تحائف دے کر رخصت کیا۔
سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں دی جانے والی سہولیات اور انتظامات سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ بہترین مہمان نوازی اور انتظامات پر حکومت پاکستان کے بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، بھارت میں پاکستان سے متعلق غلط افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔ سکھ یاتریوں کی باحفاظت واپسی کے لیے ریلوے اسٹیشن پر بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔